ویب ڈیسک: ضلع کرم کے عوام کیلئے خوشخبری، تاجروں کے مال پر مشتمل کانوائے پاراچنار پہنچ گیا، عوام کا جم غفیر سودا لینے امڈ آیا۔
تفصیلات کے مطابق تاجروں کے مال پر مشتمل کانوائے پاراچنار پہنچ گیا، اس موقع پر عوام کا جم غفیر مال بردار گآڑیوں کی جانب امڈ آیا۔ تاجر برادی کا اس موقع پر کہنا ہے کہ ہنگو ٹل میں کھڑے 160 میں سے صرف 25 گاڑیاں لائی گئی ہیں، جبکہ 20 گاڑیوں کو چھپری سے واپس کرلیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹل ہنگو سے صبح 45 ٹرک لائے گئے، مگر 20 گاڑیاں ضلع کی حدود سے واپس کردی گئِیں، موجودہ کانوائے میں بھی ادویات، گیس سلینڈرز اور پٹرول وغیرہ نہیں، جس سے مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گیس نہ ہونے سے شہر بھر کے نانبائی کی دکانوں سمیت ریسٹورنٹ وغیرہ ایک مہینے سے بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل نہ ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ سمیت موبائل ٹاورز بھی بند پڑے ہیں، ٹل و ہنگو میں موجود 160 گاڑیاں فوری لائِی جائیں، تاجر برادی نے بتایا کہ مرغیوں کی گاڑیوں میں سینکڑوں مرغیاں مری پڑی ہیں، جبکہ سبزی کی گاڑیوں میں سبزیاں خراب ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ گاڑیوں پر اضافی اخراجات سے ایک لاکھ 60 ہزار کا کرایہ ساڑھے 4 لاکھ تک پہنچ گیا ہے۔ اس کے باوجود مشکلات کے ستائے عوام کا جم غفیر سودا لینے کیلئے پیدل دیہات سے شہر پہنچ گیا ہے۔
