ویب ڈیسک: حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی حوالے سے ثالث کا کردار ادا کرنے والے قطر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو گئے، اس اہم مرحلہ کی کامیابی سے فلسطینی سرزمین میں ایک سال سے زائد عرصے سے جاری تنازعے کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔
ترجمان نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل اور حماس غزہ جنگ بندی مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں، گزشتہ روز غزہ کی جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے مذاکرات کے بعد حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد معاہدہ طے پا جائے گا۔ قطر، مصر اور امریکہ نے مشترکہ طور پر غزہ کے یرغمالیوں کی رہائی، اور جنگ بندی کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مذاکرات اپنے اہم اور آخری مراحل میں ہیں، یقینی طور پر ہمیں امید ہے کہ بہت جلد ایک معاہدہ طے پا جائَے گا، تاہم جب تک کوئی معاہدہ طے نہیں پا جاتا ہمیں حالات پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام مراحل طے کر کے فیصلہ کن مرحلہ میں پہنچ گئے ہیں، ان حالات میں جو لوگ معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہے تھے، سب ناکام رہے۔ یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کے باعث 46,645 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
