ویب ڈیسک: ملک بھر میں جہاں پہلے ہی مہنگائی کا راج ہے وہیں ایک بار پھر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافہ کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ یہ صرف 15 دن کیلئے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کل 16 جنوری سے اگلے 15 دن تک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 53 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 66 پیسے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی پابندیوں کے تناظر میں خام تیل کی قیمت 81 ڈالر فی بیرل سے متجاوز ہو چکی ہے، جو اگست 2024 کے بعد سب سے زیادہ شمار ہوتی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے حوالے سے صنعتی اور سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل میں 4 روپے 98 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل میں 6 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیکن اس سلسلے میں حتمی فیصلہ وزارت خزانہ کی جانب سے کیا جائے گا۔
