ویب ڈیسک: سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورس میں جھڑپیں جاری ہیں، اس دوران 120 افراد جاں بحق ہو گئے۔ دریائے نیل کے دوسرے کنارے کی طرف سے گولہ باری کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوڈان میں سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورس میں شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران ہلاکتوں کی تعداد 120 تک جا پہنچی۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز وقفے وقفے سے شہر کے بعض حصوں میں دریائے نیل کے دوسرے کنارے کی طرف سے گولہ باری کی جاتی رہی۔
ان جھڑپوں اور گولہ باری ہی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا باعث بنی، تاہم اس حوالے سے حقائق سامنے نہیں لائے جا سکے ہیں کہ یہ گولہ باری ہو کس کی طرف سے رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ابھی جواب طلب معاملہ ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق کس گروہ سے تھا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ان واقعات میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں فوری طبی سہولتوں کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دریائے نیل کے دونوں طرف رہنے والے شہریوں نے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں طرف گولہ باری ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ فریقین کے مابین جنگی سلسلہ 20 ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری ہے، اور اس دوران ہزاروں سوڈانی مارے جا چکے ہیں۔
