ویب ڈیسک: صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر سے دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 4 دہشتگردوں کی ہلاکت پر صدر مملکت اور وزیراعظم کی جانب سے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے کارروائیاں کر رہی ہیں، اس صورتحال میں پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوان قوم کا فخر ہیں، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، کسی صورت انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سدباب کیلئے پر عزم ہیں۔
