ویب ڈیسک: اشیائے ضروریہ پر مشتمل مزید 25گاڑیاں پارا چنار پہنچ گئیں، امدادی اشیاء کا قافلہ گزشتہ روز ٹل سے روانہ ہوا تھا، اشیائے ضروریہ میں سبزیوں سمیت آٹا، چینی، چکن اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔
تاجروں کے مال پر مشتمل ہنگو اور ٹل میں کھڑے 160 میں سے صرف 25 گاڑیوں کو پاراچنار پہنچایا گیا، کانوائے میں ادویات، گیس سلینڈرز اور پٹرول وغیرہ نہیں ہیں۔ علاقے میں گیس نہ ہونے سے شہر بھر کے تندور اور ریسٹورنٹ ایک مہینے سے بند پڑے ہیں۔
اشیائے ضروریہ پر مشتمل مزید 25گاڑیاں پارا چنار پہنچتے ہی عوام کا جم غفیر سودا لینے کیلئے پیدل پہنچا، اپر کرم کے دیہات سے انے والے ہزاروں افراد شہر میں سامان کو ڈھونڈ رہے ہیں، مگر سامان نہیں مل رہا،جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، ادویات و گیس سلینڈرز، پٹرول ڈیزل نہ ہونے سے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔
اس حوالے سے تاجر برادری نے کہا کہ ہنگو ٹل میں کھڑے 160 میں سے صرف 25 گاڑیاں لائی گئیں، جبکہ 20 گاڑیوں کو چھپری سے ہی واپس کرلیا گیا۔ علاقے کیلئے صبح 45 ٹرک لائے گئے، لیکن 20 گاڑیاں واپس کر دی گئیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹل و ہنگو میں موجود 160 گاڑیوں کو فورا لایا جائے تاکہ ضروریات زندگی کی عدم دستیابی کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ تاجروں نے یہ بھی کہا کہ مرغیوں کی گاڑیوں میں سینکڑوں مرغیاں مردہ حالت میں تھیں، سبزیاں خراب ہو رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قافلے کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے، امدادی قافلے کی فضائی نگرانی بھی کی گئی، گزشتہ روز 20 ٹرکوں کو واپس کر دیا گیا تھا۔ یاد رہے اشیائے ضروریہ پر مشتمل مزید 25گاڑیاں پارا چنار پہنچ گئیں، امدادی اشیاء کا قافلہ گزشتہ روز ٹل سے روانہ ہوا تھا، اشیائے ضروریہ میں سبزیوں سمیت آٹا، چینی، چکن اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔
