بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کورونا سے لڑنے کے لیے یوگا کو اپنائیں – آٹھ دن میں ایک لاکھ نئے کیسز

بھارت: وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو یوگا انٹرنیشنل ڈے کے موقعے پر کہا کہ قوت مدافعت بڑھانے اور کورونا سے لڑنے کے لیے یوگا کو اپنائیں، انھوں نے کہا کہ 'کووڈ 19 ہمارے سانس لینے کے نظام پر حملہ آور ہوتا ہے اور ہمارے سانس لینے کے نظام کو یوگا قوت فراہم کرتا ہے، یوگا سانس لینے کی ورزش ہے، دنیا بھر میں بہت سے کورونا کے مریضوں کو یوگا سے فائدہ پہنچاتا ہے،

انڈیا نے کورونا کی جانچ میں اضافہ کیا ہے اور وزرات صحت کے مطابق سنیچر کو ایک لاکھ 90 ہزار لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک مجموعی طور پر انڈیا بھر میں 68 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر گئی اور گذشتہ چار دنوں سے نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے،

مرکزی وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 15 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں، واضح رہے کہ سنیچر کو 14 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ کیے گئے تھے، وزارت صحت کے مطابق انڈیا میں 24 گھنٹوں کے دوران 306 افراد کی موت ہوئی ہے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 254 ہو گئی ہے،

انڈیا میں متاثرین کی کل تعداد چار لاکھ دس ہزار 461 ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد سوا دو لاکھ سے زیادہ ہے، انڈیا میں پہلے ایک لاکھ کورونا مثبت کیسز کی تعداد 78 دنوں میں ہوئی جبکہ اگلے ایک لاکھ کیسز صرف 15 دنوں میں سامنے آئے، دو لاکھ سے کیسز کی تعداد تین لاکھ تک پہنچنے میں محض دس دنوں کا دورانیہ تھا،

گزشتہ آٹھ دنوں میں مزید ایک لاکھ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اب کل تعداد چار لاکھ سے بڑھ گئی ہے، مغربی ریاست مہاراشٹر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں سوا لاکھ سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں جبکہ تقریبا چھ ہزار افراد اس کی زد میں آ کر ہلاک ہو چکے ہیں،

دارالحکومت دہلی میں بھی مسلسل کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اب تک مجموعی طور پر 56 ہزار متاثرین سامنے آئے ہیں، دہلی کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے مہنگے علاج کا معاملہ سامنے آنے کے بعد حکومت نے کہا ہے کہ اب آئی سی یو کے لیے ایک دن میں 18 ہزار روپے سے زیادہ چارج نہیں کیا جائے گا۔