پشاور میں سی این جی سٹیشنز بند

پشاور میں سی این جی سٹیشنز 19جنوری تک بند،نوٹیفکیشن جاری

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں سی این جی سٹیشنز 5روز کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔
گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر پشاور نے دفعہ 144 کے تحت سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا حکم نامہ جاری کر دیا،بندش 15 جنوری 2025 سے 19 جنوری 2025 تک نافذ رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حالیہ سرد موسم کے باعث گھریلو گیس کی طلب میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے گیس ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور گیس کا دبائو گھریلو صارفین تک محدود ہو گیا ہے مزید کمی سے گیس سپلائی کا نظام متاثر ہونے اور عوامی احتجاج کا خدشہ ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز بند رکھنے کا مقصد گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کرنا اور گیس کے ترسیلی نظام کو محفوظ بنانا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق فیصلہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ گیس کے محدود وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

مزید پڑھیں:  قبضے میں لینے کے بعد امریکا آہستگی سے غزہ کی تعمیر شروع کریگا، ٹرمپ