3مراحل پر مشتمل غزہ جنگ بندی

3مراحل پر مشتمل غزہ جنگ بندی معاہدہ طے،قطری وزیراعظم نےاعلان کردیا

ویب ڈیسک: حماس اور اسرائیل کے مابین 3مراحل پر مشتمل غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا، اس بات کا اعلان قطری وزیر اعظم محمد بن عبد الرحمان بن جاسم الثانی نے کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ 6 ہفتوں کی اس جنگ بندی پر عمل درآمد 3 مراحل میں کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں مرحلہ وار سویلین قیدیوں کا تبادلہ اور جنگ کے خاتمے پر مذاکرات ہوں گے۔
معاہدے کے مطابق دوسرے مرحلے میں اسرائیلی فورس کے قیدی حماس رہا کرے گی اور غزہ کے عوامی مقامات سے اسرائیلی فوج کا انخلا ہوگا، جبکہ تیسرے مرحلے میں اسرائیلی فورسز کا غزہ سے مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیر نو پر کام کیا جائے گا۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ طے کروانے کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی کوششیں کامیاب ہوگئی ہیں، جنگ بندی کا اطلاق 19 جنوری سے ہو گا، اب دونوں نفریقین کے ساتھ جنگ بندی کے ان طے پا جانے والے مراحل پر عمل درآمد کے حوالے سے کام جاری ہے۔
قطری وزیر اعظم محمد بن عبد الرحمان بن جاسم الثانی نے کہا ہے کہ معاہدہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا اور غزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافے کا باعث بنے گا۔ ہم غزہ میں اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، توقع ہے معاہدہ اتوار سے نافذ العمل ہو جائے گا، اس سلسلے میں وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
معاہدے کے حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی، اور بے گھر افراد کی گھروں کو واپسی ہو گی۔ پہلے مرحلے میں غزہ کی پٹی سے زخمیوں کو علاج کے لیے نکالنا بھی معاہدے میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم تمام فریقین پر اپنے وعدوں کو پورا کرنے پر زور دیتے ہیں۔
دوسری جانب حماس رہنما سامی ابو زہری نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس بات کا اظہار بھی ہے کہ اسرائیلی فوج اپنے کسی ہدف کو حاصل نہیں کرسکی۔
یاد رہے کہ حماس اور اسرائیل کے مابین 3مراحل پر مشتمل غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا، اس بات کا اعلان قطری وزیر اعظم محمد بن عبد الرحمان بن جاسم الثانی نے کردیا، اسرائیلی کابینہ کی جانب سے امن معاہدے کی منظوری آج دینے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  صدر آصف زرداری کی چینی صدرسےملاقات، سی پیک منصوبوں پر تبادلہ خیال