ویب ڈیسک: نوشہرہ کے ٹینڈرنگ عمل میں بے ضابطگیوں پر 3ملزمان گرفتار، سرکاری خزانے کو 83 لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن جہانگیرہ ضلع نوشہرہ میں ٹینڈرنگ کے عمل میں بے ضابطگیوں و اختیارات کے ناجائز استعمال کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں۔
ان شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن نے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، انکوائری کے دوران سرکاری خزانے کو 83 لاکھ 68 ہزار 750 روپے نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر دی گئی۔ ایف آئی آر میں ٹی ایم اے کے افسران و اہلکاران اور ٹھیکیدار نامزد کر دیئے گئے ہیں.
ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں عنایت اللہ، ٹی ایس ریٹائرڈ، بہادر خان، عبدالہادی، علی اکبر، ذیشان، امتیاز حسین اور دیگر 13 ملزمان شامل ہیں۔ اس دوران کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ملزم ذیشان، بہادر خان ، امتیاز حسین کو گرفتار کر لیا، جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
