ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں 3 ہفتوں کی توسیع کر دی گئی ہے ، اور اس کے ساتھ ہی حکم دیا ہے کہ علی امین کو 3ہفتوں تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں 3 ہفتوں کی توسیع کردی۔ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حفاظتی ضمانت اور مقدمات کی تفصیلات کےلیے دائر درخواست پر سماعت کی۔
ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں مذاکراتی میٹنگ کے لیے گئے ہیں، وہ پیش نہیں ہو سکتے، اس لیے استثنیٰ کی درخواست دائرکی ہے۔
سماعت کے بعد پشاورہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ کی حفاظتی ضمانت میں 3 ہفتوں کی توسیع کرتے ہوئے انہیں درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ آج حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کا تیسرا دور ہونے جا رہا ہے، جس میں تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی میںوزیراعلی خیبرپختونخوا بھی شامل ہیں.
