ویب ڈیسک: کرم سے بگن جانیوالے قافلے پر حملہ کے دوران فورسز کا 2جوان شہید جبکہ 2 زخمی ہو گئے، فورسز کی جانب سے کی جانے والی جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کرم سے بگن جانے والے امدادی قافلے پر دہشت گردوں نے راکٹ سے حملہ کر دیا اور اس دوران ان کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ اس حوالے سے کرم کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بگن جانیوالے قافلے پر حملہ کے باعث قافلے میں شامل تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ دیگر ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے اس حملے کے باعث 7 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق قافلے پر ہونے والے اس حملے کے بعد فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی گئی، جس میں 6 دہشت گرد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔
امدادی سامان لیجانے والے قافلے میں 35 گاڑیاں شامل تھیں، فائرنگ واقعہ کے دوران 6 گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔ اس دوران 13 گاڑیاں جونہی بگن میں داخل ہوئیں، تو ان پر فائرنگ کر دی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ متعدد گاڑیاں فائرنگ کے زد میں آگئیں تاہم راکٹ حملوں سے 06 گاڑیاں جل گئیں۔
ٹرکوں میں اشیائے خوردونوش کا سامان بھرا پڑا ہے، فائرنگ کے دوران چھوٹے بڑے اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کی 3 بڑی گاڑیاں اور رضاکار محفوظ ہیں۔ ایدھی ایمبولینسز میں مریضوں کے لیے ادویات لے جائی جا رہی تھیں، تمام گاڑیوں کو واپس کر کے ٹل بھجوا دیا گیا ہے۔
