ویب ڈیسک: اسرائیل سے طے پا جانےوالے معاہدے کے بعد حماس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مزاحمتی گروپس کے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔
غزہ میں حماس اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ جنگ کے زمانہ میں جن کی آنکھوں سے آنسو بہے، ہم بھولیں گے، نہ معاف کریں گے، ہم تمام مزاحمتی گروپس کے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں، خاص طور پر القدس بریگیڈ کے مجاہدین کو جو اسلامی جہاد کی صف اول کے ساتھی ہیں۔
ڈاکٹر خلیل الحیہ نے کہا کہ اس تاریخی لمحے میں، جو ہمارے عوام کی جدو جہد اور مسلسل صبر کا نتیجہ ہے، اس کے بعد ایک نیا دور شروع ہوگا، ہم غزہ کے عظیم عوام کو فخر اور عظمت کے تمام الفاظ پیش کرتے ہیں، اور یہ لوگ حقیقی معنوں میں اس درجے کے ہیں کہ دنیا انہیں سلام پیش کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ آپ کے عزم، جدو جہد، صبر، قربانیوں اور آپ کی بے شمار خدمات کا صلہ ملے گا، ہم اس لمحے میں عظیم شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن میں بچے، خواتین، بزرگ، علماء، مجاہدین، ڈاکٹرز، صحافی، دفاعی اہلکار، حکومت اور پولیس کے ارکان، اور قبائلی افراد شامل ہیں۔
