ویب ڈیسک: غزہ جنگ بندی معاہدہ نظرانداز کرتے ہوئےصیہونیوں کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ صورتحال میں اسرائیلی حملے میں81 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے باوجود اسرائیل حملے رک نہ سکے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملے میں81 فلسطینی شہید جبکہ 188 زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فورسز پر جنگی جنون سوار ہے، معاہدے کو ایک طرف رکھتے ہوئے صیہونی من مانی کر رہے ہیں۔
اسرائیلی افواج کی جانب سے مقبوضہ غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں گولہ باری تواتر کے ساتھ جاری ہے، جس سے 2 بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید جبکہ 20 زخمی ہوئے۔ مغربی علاقے میں اسرائیل کے فضائی حملے میں 30 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ جنگ بندی معاہدہ نظرانداز کرتے ہوئےصیہونیوں کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ واقعات کے بعد غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 46 ہزار 788 تک جا پہنچی ہے، جبکہ اس دوران ایک لاکھ 10 ہزار 453 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ جنگ بندی معاہدے میں یہ طے پایا تھا کہ اسرائیلی افواج کو کارروائی روکنی ہوگی، اور انہیں واپسی کا بھی اشارہ دیا گیا ہے، تاہم اس کے باوجود ان کی جانب سے کارروائی جاری ہے.
