ویب ڈیسک: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تاڑر نے 190 ملین پاونڈ کیس کے حوالے سے احتساب عدالت کے جج کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج انصاف کا بول بالا ہوا، عمران خان بے گناہی ثابت نہ کرسکے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ تاریخ کا سب سے بڑا میگا کرپشن سکینڈل ہے، آج عدالت کے فیصلے سے انصاف کا بول بالا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کو مذاکرات جاری رکھنے چاہئیں، یہ تاثر بالکل نہیں جانا چاہیے کہ ایک فرد واحد کو کرپشن کیس پر سزا ملی تو مذاکرات نہیں کریں گے، مذاکرات کا مینڈیٹ کبھی ڈیل یا این آر او دینا نہیں تھا، اس وقت ملکی حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔وزیر قانون نے کہا کہ ہر چیز کو سیاست سے جوڑنا غیر مناسب ہے، ملکوں کے نظام آئین، ضابطے اور قانون کے تحت چلتے ہیں۔
