ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 190 ملین پاونڈ کیس میں سزا پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے فیصلے نے عدلیہ کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا، اس کیس میں نہ مجھے فائدہ اور نہ حکومت کو نقصان ہوا۔
احتساب عدالت کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی نے نے کہا کہ آج کے فیصلے نے عدلیہ کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا، اس کیس میں نہ مجھے فائدہ ہے اور نہ حکومت کو کوئی نقصان۔ مجھے ریلیف نہیں چاہیئے، تمام کیسزکا سامنا کروں گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے پولیس والوں میں پلاٹ بانٹے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جو ساتھ ہے وہ آزاد اور جو مخالف ہے اس کو سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میری بیوی بالکل ایک گھریلو عورت ہے، ان کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں، میری بیوی کو سزا مجھے تکلیف دینے کے لیے دی گئی ہے۔
