ویب ڈیسک: پاکستان کا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ چینی سینٹر سے لانچ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او ون لانچ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سیٹلائٹ کو چین کے جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا ہے۔
سیٹلائٹ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر لاہور میں ای او ون کو خلا میں بھیجے جانے کے مناظر دیکھے گئے۔ سپارکو کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ ای او ون جدید سیٹلائٹ ہے، جسے ماحولیاتی نگرانی، زراعت، دفاع اور دیگر نگرانی امور کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ای او ون مشن کا آغاز سپیس سائنس اور اختراعات میں پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے میں سپارکو کی لگن اور مہارت کی عکاسی کرتا ہے۔ مقامی طور پر تیار کردہ سیٹلائٹ پاکستان کے خلائی ٹیکنالوجی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2024 میں پاکستان کا پہلا ملٹی مشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون چین کے ژی چینگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا تھا۔ اب ایک بار پھر سے پاکستان کا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ چینی سینٹر سے لانچ کردیا گیا۔
