ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں پی ٹی آئی کارکنان کی القادرٹرسٹ فیصلے کے خلاف صوبائی اسمبلی چوک میں احتجاجی مظاہرہ، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا پر تحریک انصاف کارکنان سراپا احتجاج ہیں، احتجاج میں ویمن ونگ کی کارکنان نے بھِی شرکت کی۔
تفصیلا ت کے مطابق القادر ٹرسٹ کیس میں سزا سنائے جانے کے خلاف ضلع پشاور میں تحریک انصاف کارکنان سراپا احتجاج، سڑکوں پر نکل آئے. ضلعی صدر عرفان سلیم کی سربراہی میں کارکنان نے اسمبلی چوک میں احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا۔ اس دوران ویمن ونگ کی کارکنان نے بھی بھرپور شرکت کی۔
صوبائی اسمبلی چوک میں احتجاج کرتے ہوئے کارکنوں کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو رہا کرنے کے حق میں نعرے باری کی گئی، مظاہرین نے کہا کہ صوبہ بھر ہی نہیں پورے ملک میں احتجاجی دھرنے ہوں گے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو ناحق سزائیں سنائی گئیں، پی ٹی آئی کارکنان اور بانی پی ٹی آئی جھکنے والے نہیں، ہم اس القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ غیر آئینی ہے، القادر یونیورسٹی میں دین اسلام کی تعلیمات اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے علم پر سزا سنائی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی کو فلاحی کاموں کی سزا مل رہی ہے۔
احتجاج کے شرکاء کا کہنا تھا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی رہا نہیں ہونگے، تب تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
