ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اب القادر یونیورسٹی میرے پاس آ گئی ہے، اب القادر یونیورسٹی میں اب جادو ٹونہ کرنا نہیں سکھایا جائے گا، بلکہ وہاں مہذب تعلیم دی جائے گی۔
راولپنڈی میں مریم نواز نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک کو نفرت، انتشار نہیں امن اور محبت چاہئے، کوشش ہے کہ بچوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم کی بجائے سکالرشپ دوں، آج وہ سب بچے اندر ہیں جنہیں پیٹرول بم تھمائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ جنہیں ورغلایا گیا وہ آج جیلوں میں ہیں، نوجوانوں کو ترغیب دی جاتی رہی ہے کہ سوشل میڈیا پر جو دیکھیں اس پر من و عن یقین کر لیا کریں، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، اب القادر یونیورسٹی میں اب جادو ٹونہ کرنا نہیں سکھایا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا میرے والد سابق وزیراعظم نواز شریف نے 45 سال ملک کی خدمت کی، صرف ایک اقامہ پر انہیں نکالا گیا، جبکہ مجھے اپنے والد کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں چوری ثابت ہوئی، بانی پی ٹی آئی عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جن کو کرپشن پر سزا سنائی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج کے فیصلے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی، یہ شخص اسی اڈیالہ جیل میں قید ہیں جس میں نواز شریف اور میں قید تھے، اس شخص کو جیل میں اچھا کھانا اور دیگرسہولیات مل رہی ہیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، حالانکہ ہمیں یہ سہولیات میسر نہیں تھیں۔
