علی امین گنڈاپور بڑھکیں مارنے

علی امین گنڈاپور بڑھکیں مارنے کا ماہر ہے، ترجمان جے یو آئی

ویب ڈیسک: جمیعت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور بڑھکیں مارنے کا ماہر ہے، اپنی خود ساختہ اہمیت جتانے کے لیے یہ جھوٹ اور فریب کا سہارا لیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور اپنی خود ساختہ اہمیت جتانے کے لیے جھوٹ اور فریب کا سہارا لیتے ہیں، ان کا اصل کردار ایک ناکام سیاسی مہرے سے زیادہ کچھ نہیں جسے اسٹیبلشمنٹ نے اپوزیشن کو کمزور کرنے کے لیے میدان میں اتارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی اپوزیشن کو تقسیم کرنے کی ہر سازش ناکام ہوگی، یہ وہی علی امین ہیں جو خیبرپختونخوا کی سرزمین پر کرپشن اور لوٹ مار کے جھنڈے گاڑ کر عوام کے وسائل کا جنازہ نکال چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں اپنے کارکنوں کو بے یار و مددگار چھوڑ کر بھاگنے والے علی امین اب کس منہ سے سیاسی اخلاقیات پر بات کرتے ہیں؟ یہ وہی ہیں جن کی خود غرضی اور بزدلی نے تحریک انصاف کو شرمندہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے 2018 اور 2024 کے انتخابات کو عوامی مینڈیٹ کی چوری قرار دیا ہے اور ایسے نتائج کو تسلیم کرنا اس قوم کے ساتھ غداری ہوگا، علی امین گنڈاپور بڑھکیں مارنے کا ماہر ہے۔

مزید پڑھیں:  آئی ایم ایف وفد کا دورہ مکمل،مشکوک مالی ترسیلات اور تحقیقات پربریفنگ