عرب کرفیو

سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے علاوہ تمام شہروں سے کرفیو اور دیگر پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

سعودی :حکومت نے مکہ مکرمہ کے علاوہ تمام شہروں سے کرفیو اور دیگر پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اتوار کی صبح 6 بجے سے فيصلے پر اطلاق شروع ہوجائے گا، مکہ کی تمام مساجد بھی کھول دی جائيں گی، تاہم مسجد الحرام کو فی الوقت عام نمازيوں کیلئے نہيں کھولا جائے گا،سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث لگائی گئی پابندیاں اور کرفیو ختم کرنے کا اعلان کرديا،

سعودی وزارتِ مذہبی امور کے مطابق تمام مساجد کو جراثيم سے پاک کرنے کی کارروائی مکمل ہوگی، نمازيوں کے درميان سماجی فاصلے کیلئے مساجد ميں نشانات لگا دیئے گئے ہیں، مسجد ميں داخلے پر رضاکار حفاظتی اقدامات سے بھی آگاہ کريں گے،اعلامیے کے مطابق عمرہ اور زیارت معطل رہیں گے، اس فیصلے پر وقفے وقفے سے نظر ثانی ہوتی رہے گی، انٹر نیشنل پروازیں بھی بند رہیں گی، اسی طرح بری اور بحری حدود سے ملک سے باہر جانا یا باہر سے آنا ہدایت ثانی تک بند رہے گا،

مزید پڑھیں:  امریکا اور برطانیہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

عرب ميڈيا کے مطابق مکہ مکرمہ ميں کرفيو اور پابندياں برقرار رہيں گی تاہم ديگر شہروں سے اتوار کی صبح 6 بجے تمام پابندیاں اٹھاليں جائيں گی۔

سعودی حکام نے شہريوں سے اپيل کی ہے کہ وہ ایس او پیز پر ضرور عمل  کريں، اگر احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو دوبارہ کرفیو لگاسکتے ہيں۔

مزید پڑھیں:  سربراہ اقوام متحدہ کا خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ

مسلسل تين ماہ سے بند مکہ مکرمہ کی تمام مساجد بھی اتوار کو کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے، 1560 عام اور جامع مساجد نماز فجر سے کھول دی جائيں گی تاہم مسجد الحرام کو عام نمازيوں کیلئے نہيں کھولا جائے گا،

سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں کرونا وائرس کے مزید 3 ہزار 941 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ مزید 46 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور اب تک سعودی عرب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 230 ہوگئی ہے۔