لاس اینجلس میں لگی آگ قابو

لاس اینجلس میں لگی آگ قابو نہ کی جا سکی، ہلاکتوں میں اضافہ

ویب ڈیسک: امریکی شہر لاس اینجلس میں لگی آگ قابو نہ کی جا سکی، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حالیہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 27 ہو گئی ہے، جبکہ اس دوران لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے نقل مکانی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی آگ قابو نہ کی جا سکی ہے، اس دوران مختلف مقامات میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 27 ہو چکی ہے، اس کے علاوہ آتشزدگی سے لاتعداد افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 7 جنوری سے لگی اس بدترین آگ کے باعث 37ہزار ایکڑ سے زائد کا رقبہ جل کر خاکستر ہو گیا ہے اور اب یہ علاقہ جو کبھی خوشحالی میں اپنی مثال آپ تھا، اب تباہی کے مناظر پیش کر رہا ہے۔
اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ تیز ہواؤں میں کمی آنے کے بعد فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ بجھانے کے عمل میں بہتری آئی ہے، تاہم آگ پر اب تک مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آگ سے تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے، کیونکہ یہ عمارتیں مکمل طور پر جل گئی ہیں، اور اس کو ایک جگہ سے ضرب لگاتے ہی پوری عمارت بیٹھ سکتی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی کہ جب تک خطرناک مواد کی جانچ کرنے والا محکمہ اپنی تحقیقات مکمل نہیں کرلیتا۔

مزید پڑھیں:  محکمہ موسمیات نے بارش و برفباری کی پیشگوئی کردی