بانی پی ٹی آئی کو سیاست

بانی پی ٹی آئی کو سیاست میں لانے والوں کو ڈوب مرنا چاہئے، عظمیٰ بخاری

ویب ڈیسک: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاست میں لانے والوں کو ڈوب مرنا چاہئے، ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ عمران خان جیسے شخص کیلئے صادق و امین جیسا پاک لفظ استعمال کیا گیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 190 ملین کیس میں بانی پی ٹی آئی کو چوری کرنے پر سزا ہوئی، تب سے تحریک انصاف والوں نے رونا دھونا شروع کر دیا ہے، ان کی چوری پکڑی گئی ہے تو انہیں سزا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی ایجنسی این سی اے نے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا آپ کے پیسے واپس بھیجنے ہیں، تو حکومتی اکاؤنٹ کی بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں پیسے منتقل کرائے گئے، جہاں انہوں نے ان پیسوں کی بندر بانٹ کی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس کیس میں ملزمان کو بیان ریکارڈ کرنے کے 15 مواقع دیئے گئے، تاہم ہر بار انہوں نے تاخیری حربے استعمال کیے، کیس میں جرح مکمل کرنے کیلئے 35 سماعتیں ہوئیں، جس میں شہزاد اکبر کیس کا مرکزی کردار تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس کیس کا فیصلہ آنے کے بعد شہزاد اکبر کو باہر جانے کی اجازت دینے پر سوال اٹھتا ہے، عمر ایوب کہتے ہیں کرپشن کا پوچھنا ہے تو حسن نواز سے پوچھیں، این سی اے نے نواز شریف کے بیٹوں کے اکاؤنٹس بھی کلیئر قرار دیدیئے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شیخ وقاص اکرم بار بار بند لفافے کی بات کرتے ہیں، جو کہ مضحکہ خیز ہے، بانی پی ٹی آئی کو سیاست میں لانے والوں کو ڈوب مرنا چاہئے، ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ عمران خان جیسے شخص کیلئے صادق و امین جیسا پاک لفظ استعمال کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  دھاندلی سے نبی موجودہ پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں، فضل الرحمان