معیشت کے اشاریوں سے قوم

معیشت کے اشاریوں سے قوم کوبیوقوف نہیں بنایاجاسکتا، فضل الرحمان

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ معیشت کے اشاریوں سے قوم کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ اگر حکومت اپنے دعویٰ میں ثابت قدم ہے تو بتائے وسائل کہاں سے آئے۔
ضلع چارسدہ میں خطاب کرتے ہوئے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہمارے وسائل پر ہما را اختیار ہے، کسی کا باپ بھی ہم سے یہ وسائل نہیں چھین سکتا، ان کاک کہنا تھا کہ مضبوط حکومت کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، معیشت کے اشاریوں سے قوم کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں ںے سوال کیا کہ نااہل حکمران بتائیں کہ کیا الٰہ دین کا چراغ ملا؟۔ حکومت معیشت کی بہتری کے دعوے کرتی ہے تو بتائیں کہ وسائل کہاں سے آئے۔ اگر26 ویں آئینی ترمیم حکومت کی خواہش پر پاس ہوتی تو بڑی تباہی آتی۔ حکومت کا پیش کردہ آئینی مسودہ پارلیمنٹ اورانسانی حقوق کے لیے بہت بڑا خطرہ تھا۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس میں فوجی عدالتوں کو مضبوط جبکہ اعلیٰ عدالتوں کے اختیارات محدود کیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے جس کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں، تب سے لے کر اب تک اس ملک سے صرف علمائے کرام نے وفاداری نبھائی، ہم اس پاکستان میں امن چاہتے ہیں، لیکن آج جو حالات ہیں اس میں کوئی بھی ملکی امن کی جانب توجہ نہیں دے رہا۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہم نے دلیل اور محبت سے بالادست قوتوں کو سمجھایا ہے۔ جھوٹ موٹ اور دھاندلی کے الیکشن سے حسینہ واجد بھی جیتی تھی۔ شرافت سے ہماری بات مان لو۔ ہمارا ملک سرتاپا سود میں ڈوبا ہوا ہے۔ اس ڈمی اسمبلی میں بیٹھنے کی ہمیں کوئی خواہش نہیں۔ الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں لوگ ووٹ کسی اور کو ڈالتے ہیں اور کامیاب کوئی اور ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ،شہری گرفتار