لوئر کرم میں آپریشن شروع

لوئر کرم میں آپریشن شروع ،بگن ایف سی قلعہ سے شیلنگ

ویب ڈیسک: لوئر کرم میں شر پسند عناصر کے خلاف آپریشن شروع ہو گیا ،بگن میں کرفیو نافذ جبکہ ایف سی قلعہ سے شیلنگ کی گئی ۔
ذرائع کے مطابق لوئر کرم میں تجارتی قافلے پر فائرنگ اور اہلکاروں کی شہادت کے بعد فورسز بگن میں داخل ہوچکی ہیں اور سرچ آپریشن شروع ہوگیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں بگن میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور ایف سی قلعے سے شیلنگ بھی کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فورسز نے پہاڑوں پر دہشتگردوں کے مورچوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، آج رات تک دیگرعلاقوں میں بھی سرچ آپریشن متوقع ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے بتایا کہ آپریشن دہشتگردوں اور لوٹ مار میں ملوث افراد کے خلاف کیا جارہا ہے ،بنکرز مسماری کا عمل تاخیر کا شکار ہے، دونوں فریقین کے اب تک 8بنکرز مسمار ہوچکے ہیں ۔
دوسری جانب مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن کے باعث مختلف علاقوں سے نقل مکانی شروع کردی گئی ، علاقہ چھوڑ کر جانے والے قبائل قریبی دیہات میں رشتہ داروں کے ہاں منتقل ہو گئے ۔
عینی شاہدین کے مطابق بگن پر توپخانے کا استعمال شروع کردیا گیا ہے جبکہ توپ کے گولے علی زئی قلعے سے فائر کئے جارہے ہیں ۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آپریشن کا فیصلہ بار بار دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے کیا گیا ، اس سلسلے میں ہنگو اور ٹل میں آپریشن متاثرین کے لئے کیمپ قائم کردیئے گئے ۔

مزید پڑھیں:  ججزتعیناتی موخرکی جائے،سپریم کورٹ کےچار ججز کا چیف جسٹس کو خط