ویب ڈیسک: پشاور کے سب سے بڑے طبی مرکز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی خاتون اسسٹنٹ میڈیا منیجر پر حملہ کیا گیا جس میں وہ اپنی بہنوں سمیت زخمی ہو گئیں ۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پشاور کے علاقہ تھانہ ماڑی ماڑی کی حدود کوہاٹ روڈ چونگی کے قریب پیش آیا جہاں رات گئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی خاتون اسسٹنٹ منیجر اور سابقہ معروف صحافی ناہید جہانگیر اپنی بہنوں کے ہمراہ شادی کی تقریب سے گھر واپس جارہی تھی کہ راستے میں قریبی رشتہ داروں نے رکشے سے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا ۔
ملزمان کے تشدد سے ناہید جہانگیر اور ان کی دو بہنیں شدید زخمی ہو گئیں جنہیں فوری طورپر علاج کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد کے بعد انہیں گھر بھجوا دیا گیا ۔
خاتون نے پولیس کو دی گئی درخواست میں کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلائی جائے۔
پشاور پولیس کے مطابق حملہ آور خاتون کے قریبی رشتہ دار ہیں، واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں ۔
