انسانی سمگلروں کیخلاف کارروائی

موریطانیہ کشتی حادثہ:پشاور کے شہریوں کا انسانی سمگلروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک: موریطانیہ میں پیش آنے والے المناک کشتی حادثے میں 44پاکستانی جاں بحق ہو نے پر پشاورکے شہریوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انسانی سمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔
مشرق ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے اس حوالے سے کہا کہ آئے روز سننے میں آتاہے کہ فلاں ملک میں کشتی حادثہ ہوا ہے جس میں درجنوں پاکستانی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھتے ہیں ۔
شہریوں کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں آپسی اختلافات میں اتنے مصروف ہو چکی ہیں کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ ایجنٹ نوجوانوں کو سبز باغ دکھا کر انہیں موت کے منہ میں لے جاتے ہیں۔
پشاور کے باسیوں نے زور دیا کہ حکومت ملکی معاشی صورتحال اورروزگار فراہمی پر توجہ دے تو نوجوانوں کو اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر غیر قانونی طورپر بیرون ممالک جانے سے ضرورت نہیں رہے گی ۔
شہریوں نے موریطانیہ میں پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر قانونی طور پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے کی کوششیں نہ صرف خطرناک ہیں بلکہ زندگیوں کو بھی شدید خطرے میں ڈال دیتی ہیں۔
انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک نہ بھیجیں اور اس سلسلے میں آگاہی فراہم کریں تاکہ آئے روز کے ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  عمران خان نے جیل سپرنٹنڈنٹ کیخلاف درخواست دائر کردی