ویب ڈیسک: بگن متاثرین کیلئے ہنگو میں عارضی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ، سیکڑوں ایکڑ اراضی پر ہزاروں خاندانوں کے لیے خیمہ بستی قائم کی جائےگی۔ کیمپ کے قریب سکول، مساجد، بی ایچ یو اوردیگر سہولیات میسر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کرم کے علاقے بگن میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے متاثرین کے لیے ہنگو میں عارضی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ ضلع ہنگو کے ڈپٹی کمشنر گوہر زمان کا کہنا ہے کہ علاقہ محمد خواجہ میں سیکڑوں ایکڑ اراضی پر ہزاروں خاندانوں کے لیے خیمہ بستی قائم کی جائےگی، جبکہ دوسری طرف اس کیمپ کے قریب سکول، مساجد، بی ایچ یو اوردیگر سہولیات میسر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے خیموں سمیت دیگر سامان کے 22 ٹرک فراہم کرے گا، اس منصوبے کے تحت ضلعی انتظامیہ کو 4 ٹرک سامان مل گیا ہے اور آج سے کیمپ کے قیام پر کام شروع کردیا جائے گا۔ قیام امن کے لیے نقل مکانی کرنے والےکرم متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
