مختلف اضلاع میں بارش و برفباری

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش و برفباری، موسم مزید سرد

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش و برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے شروع ہو گیا ہے، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ جنوبی وزیرستان، ایبٹ آباد، مالاکنڈ اور ہری پور سمیت دیگر میدانی علاقوں میں کے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے مختلف میدانی علاقوں بشمول پاک افغان بارڈر انگور اڈہ، زیندہ ور، شکئی اور دیگر بالائی علاقوں میں گزشتہ دنوں سے وقفے وقفے سے برفباری اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، جبکہ میدانی علاقوں میں بھی مسلسل ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
موسمی حالات کی شدت کے باعث بعض نواحی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو چکی ہے، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عوام کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں بجلی اوور لوڈنگ کی وجہ سے غائب رہتی ہے لیکن اس سرد موسم میں بجلی غائب رہنا سمجھ سے بالا تر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ مزید چند دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر ایبٹ آباد شہر میں ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا، جبکہ سیاحتی مقام گلیات میں ہلکی برف باری شروع ہو گئی ہے جس سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات نتھیاگلی، چھانگلہ گلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی میں ہلکی برف باری سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ محمکہ موسمیات کے مطابق شہری علاقے میں بارش اور سیاحتی مقامات پر ہلکی برف باری کا سلسلہ رات بھر جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ضلع مالاکنڈ میں بھی طویل خشک سالی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ، جبکہ اس سے عوام کے چہرے بھی کھل اٹھے۔ بٹ خیلہ شہردرگئی خاراورتھانہ بائزئی میں بھی بارش جاری ہے۔
ادھر ضلع ہری پور میں بھی طویل خشک سالی کے بعد کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش شروع ہو گئی ہے۔ ہری پور کی تینوں تحصیلوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس سے جہاں ایک طرف سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، وہیں دوسری طرف خشک سردی سے ہونے والی بیماریاں بھی ختم ہو گئی ہیں۔
بارش اور سخت سردی سے لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش و برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے شروع ہو گیا ہے، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ جنوبی وزیرستان، ایبٹ آباد، مالاکنڈ اور ہری پور سمیت دیگر میدانی علاقوں میں کے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان6ماہ میں آئی ایم ایف کی بڑی شرائط پوری کرنےمیں کامیاب