القادر ٹرسٹ کیس کیخلاف تحریک انصاف

القادر ٹرسٹ کیس کیخلاف تحریک انصاف کا ہائیکورٹ جانے کا اعلان

ویب ڈیسک: القادر ٹرسٹ کیس کیخلاف تحریک انصاف کا ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان، یہ کیس سیاسی محرکات پر مبنی تھا، پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا.
تفصیلات کے مطابق القادر ٹرسٹ کیس فیصلے کیخلاف تحریک انصاف کی جانب سے آج ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ یہ کیس سیاسی محرکات پر مبنی تھا، پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا، جبکہ سرکاری گواہ بھی تسلیم کر چکے ہیں‌کہ اس سے سرکار کا نقصان نہیں ہوا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کے اس کیس میں اصل سوال تو حسن نواز سےپوچھا جانا چاہیے کہ وہ رقم برطانیہ لے کر کیسے گئے، جس سے پراپرٹی خریدی اور بعد میں بیچ بھی دی۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہاکہ آج بروز منگل القادرکیس کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل کرے گی۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم نےعدالتی نظام کا بیڑہ غرق کردیا ، حکومت سے پارلیمنٹ نہیں سنبھالی جا رہی تو اس جانب کیسے ہاتھ پیر مار رہی ہے، اس فیصلے کے بعد پارلیمنٹ مؤثر نہیں رہی۔
تحریک انصاف کی خاتون رہنما زرتاج گل نے کہاکہ پورا پنجاب یرغمال بنا ہوا ہے ، ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ زبردستی سب سے بڑے صوبے پر مسلط ہیں، وہ جو کر رہی ہیں اس سے شدید ترین نقسانت ہونے جا رہے ہیں، جس کا پردہ جلد چاک ہونے جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ سے جڑے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا جس میں عمران خان بدعنوانی اور کرپٹ پریکٹس کے مرتکب پائے گئے۔اس دوران عمران خان کو 14 سال اور ان کی اہلیہ کو 7 سال کی قید کی سزا سنائی، ساتھ میں ان پر جرمانہ بھی کر دیا گیا .

مزید پڑھیں:  منیر اعظم خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے چئیرمین تعینات، اعلامیہ جاری