ویب ڈیسک: سپریم کورٹ بنچز کے اختیارات کے کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور نے ریمارکس دیئے کہ جہاں محسوس ہو کہ فیصلہ حکومت کے خلاف ہے تو چلتا ہوا کیس بینچ سے واپس لے لیا جائے، کمیٹی چلتے کیسز واپس لے تو عدلیہ کی آزادی تو ختم ہوگئی۔
سپریم کورٹ میں بنچز اختیارات کا کیس مقرر نہ کرنے پر توہین عدالت کے نوٹس پر جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اس دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئے کہ کمیٹی چلتے کیسز واپس لے تو عدلیہ کی آزادی تو ختم ہوگئی، جہاں محسوس ہو فیصلہ حکومت کے خلاف ہوسکتا ہے تو کیس ہی بینچ سے واپس لے لیا جائے۔
سپریم کورٹ بینچز کے اختیارات کا کیس مقرر نہ ہونے پر عدالت نے ایڈیشنل رجسٹرار کو توہینِ عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا تھا کہ میں بھی کمیٹی کا رکن ہوں مجھے تو کچھ علم نہیں، جسٹس عائشہ ملک نے پوچھا کہ ہماری پورے ہفتے کی کازلسٹ کیوں تبدیل کردی گئی؟ جوڈیشل آرڈر کو انتظامی کمیٹی کیسے نظر انداز کر سکتی ہے؟ پورے عدالتی کیریئر میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کوئی مقدمہ ایسے غائب ہوگیا ہو۔
اس حوالے سے ہونے والی سماعت کے دوران رجسٹرار سپریم کورٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے تو عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں عدالتی حکم کے باوجود کیس مقرر کیوں نہ ہوا؟ جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ کیس آئینی بینچ کا تھا غلطی سے ریگولر بینچ میں لگ گیا تھا۔
جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ اگر یہ غلطی تھی تو عرصے سے جاری تھی، اب ادراک کیسے ہوا؟ معذرت کے ساتھ غلطی صرف اس بینچ میں مجھے شامل کرنا تھی، میں اس کیس کو ہائیکورٹ میں سن چکا تھا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اس معاملے پر اجلاس کیسے ہوا؟ کیا کمیٹی نے خود اجلاس بلایا یا آپ نے درخواست کی؟ رجسٹرار سپریم کورٹ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کمیٹی کو نوٹ لکھا تھا۔ باقاعدہ جرح کرتے ہوئے جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ جب جوڈیشل آرڈر موجود تھا تو نوٹ کیوں لکھا گیا؟ ہمارا آرڈر بہت واضح تھا کہ کیس کس بینچ میں لگنا ہے۔
عدالت نے کہا کہ ہمیں وہ نوٹ دکھائیں جو آپ نے کمیٹی کو بھیجا، جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے کمیٹی کو بھیجا گیا نوٹ پیش کردیا۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ اس نوٹ میں غلطی کا ادراک تو نہیں کیا گیا، اس میں آپ لکھ رہے ہیں کہ 16 جنوری کو ایک آرڈر جاری ہوا ہے، آپ اس آرڈر کی بنیاد پر نیا بینچ بنانے کا کہہ رہے ہیں، آرڈر میں تو ہم نے بتایا تھا کیس کس بینچ میں لگنا ہے؟
رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے کیس آئینی بینچ کی کمیٹی کو بھجوایا، آئینی بینچز کی کمیٹی نےآئینی ترمیم سے متعلقہ مقدمات 27 جنوری کو مقرر کیے، ترمیم کے بعد جائزہ لیا تھا کہ کونسے مقدمات بینچ میں مقرر ہوسکتے ہیں اور کونسے نہیں۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ یہ کیس شاید آپ سے غلطی سے رہ گیا لیکن بینچ میں آگیا تو کمیٹی کا کام ختم، کمیٹی چلتے کیسز واپس لے تو عدلیہ کی آزادی تو ختم ہوگئی، جہاں محسوس ہو فیصلہ حکومت کے خلاف ہوسکتا ہے تو کیس ہی بینچ سے واپس لے لیا جائے، یہ کیس آپ سے رہ گیا اور ہمارے سامنے آگیا، آخر اللہ تعالیٰ نے بھی کوئی منصوبہ ڈیزائن کیا ہی ہوتا ہے۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ جو دستاویزات آپ پیش کر رہے ہیں یہ ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کا دفاع ہے، دفاع میں پیش کئے جانے والے مؤقف پرعدالت فیصلہ کرے گی کہ درست ہے یا نہیں۔
انہوں نے مزید استفسار کیا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو مقدمہ واپس لینے کا اختیار کہاں سے آیا۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دینے کی تو درخواست کی گئی تھی۔
بعدازاں عدالت نے سینئر وکیل منیر اے ملک اور حامد خان کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل سمیت دیگر وکلا کو کل سنیں گے۔ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
