افغانستان سے مذاکرات کرنے کا اعلان

علی امین گنڈاپور کا افغانستان سے مذاکرات کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا ایک بار پھر افغانستان سے مذاکرات کرنے کا اعلان، وفد جلد افغانستان بھیجنے کا عندیہ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا ایک بار پھر افغانستان سے مذاکرات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا ہے کہ وفاق کو افغانستان کیساتھ مذاکرات میں کامیابی نہیں ملی، جلد اپنا وفد بھیج رہا ہوں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ افغانستان کا مسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہوگا۔ وفاقی حکومت کو افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں کامیابی نہیں ملی، اپنا صوبائی وفد بہت جلد افغانستان بھیج رہا ہوں، ہم ان سے بات چیت کر کے مسائل کا حل نکالیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ دو ہفتے کے اندر وفد افغانستان جا کر بات چیت کرے گا، وفد میں تمام قبائل کے مشران شامل ہوں گے اور پوری امید ہے کہ وہ ہمارے جرگے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بتایا کہ ملک میں سیاسی مخالفت پرمقدمات بنائےجا رہےہیں، القادر ٹرسٹ بنانے پر بانی پی ٹی آئی کو اندر رکھا گیا ہے، حالانکہ القادر ٹرسٹ میں مفت تعلیم دی جا رہی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعلی خیبرپختونخوا کی جانب سے افغانستان سے بات چیت کا عندیہ دیا تھا.

مزید پڑھیں:  صوابی، درندہ صفت باپ کی 4بچے قتل کرنے کے بعد خودکشی