گوادر پورٹ کو ناکام بنانے کیلئے

گوادر پورٹ کو ناکام بنانے کیلئے محاذآرائی ملک دشمنی ہے، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ طویل جنگ کے بعد غزہ جنگ بندی معاہدے سے علاقے میں تعمیر نو کا مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے، جبکہ غزہ کی تعمیر نو میں پاکستان بھرپور کردار ادا کرےگا، غزہ جنگ کے دوران 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، شہروں کے شہر تباہ ہوگئے۔ انہوں نے گوادر ایئر پورٹ کے حوالے سے مزید کہا کہ گوادر پورٹ کو ناکام بنانے کیلئے قتل و غارت گری اور محاذ آرائی ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں .
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ غزہ میں 15 ماہ کی خونریز جنگ کے بعد 42 دنوں کی جنگ بندی ہوئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے بھرپور آواز اٹھائی، اب غزہ کی تعمیر نو کا مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے اور غزہ کی تعمیر نو میں پاکستان بھرپور کردار ادا کرےگا۔ غزہ جنگ کے دوران 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں، شہروں کے شہر تباہ ہوگئے۔
وزیراعظم پاکستان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ گوادر ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شروع ہونے سے یہ منصوبہ بھی پایہ تکمیل کو پہنچا، جو خوش آئند ہے، منصوبہ 230 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہوا، گوادر پورٹ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہمیت کا حامل ہے، گوادر پورٹ کو ناکام بنانے کیلئے قتل و غارت گری اور محاذ آرائی ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ پاکستان کے ساتھ دشمنی پر اتر آئے ہیں، انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ قتل و غارت کر کے وہ نہ صرف بلوچستان کے عوام کے خلاف جا رہے ہیں بلکہ یہ ملک دشمنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے طویل المدتی شراکت داری کے فریم ورک کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت عالمی بینک آئندہ 10 سالوں میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، دسمبر میں اس شعبے میں 348 ملین ڈالرز کی ایکسپورٹس ہوئی ہیں، اس شعبے کی حوصلہ افزائی کریں گے جس سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ الیکٹرک گاڑیوں کے جامع پروگرام کو بھی مزید آگے بڑھائیں گے۔
حج کے حوالے سے شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو بتایا کہ حج کی آمد آمد ہے، امید ہے اس سال پاکستانی عازمین کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:  سہ ملکی سیریز: نیوزی لینڈ کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ