ویب ڈیسک: پشاور ٹیبل ٹینس کپ کے مقابلے پروقار تقریب کےساتھ اختتام پذیر ہوگئے ، مقابلوں میںاویس جمشید، امہ خلیمہ ، عبداﷲ جان اور تاج مینہ نے ٹائٹل اپنے نام کرلئے ۔مہمان خصوصی ڈی سی پشاور سرمد سلیم اکرم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے .
ضلعی انتظامیہ کی تعاون سے ریجنل سپورٹس آفس پشاور اور ضلعی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے زیرنگرانی تین روزہ پشاور ٹیبل ٹینس کپ کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئے، جس میں چار مختلف کیٹگریز میں 200 سے زائد میل وفمیل کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔
پشاور سپورٹس کمپلیکس میں تین روزہ مقابلوں کے بوائز سنگل میں اویس جمشید نے مدثر خان کو 8-11، 9-11، 6-11اور 11-7 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا ، گرلز سنگل میں امہ خلیمہ نے خوریہ خمیم کو 9-11، 5-11، 8-11 اور 10-12 سے ہراکر ٹرافی اپنے نام کرلی ۔
خصوصی افراد کی دو مختلف کیٹگریز میں عبداﷲ جان نے عامر کو 1-3 سے جبکہ خواتین کیٹگریز میں تاج مینہ نے ماہ واہ گلشاد کو تین صفر سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، نوجوان نسل کو صحت مند اور فعال بنانے کے لیے کھیلوں کو فروغ دینا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرے گی .
