حکومت پیپلز پارٹی آمنے سامنے

حکومت اور پیپلز پارٹی پانی کی تقسیم کے معاملے پر آمنے سامنے

ویب ڈیسک: حکومت اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی پانی کی تقسیم کے معاملے پر ایک بار پھر آمنے سامنے آگئیں ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی صدارت میں ایوان بالا کا اجلاس ہواجس میں پیپلزپارٹی نے پانی کی تقسیم کے حکومتی اعداد و شمار کو زمینی حقائق سے مختلف قرار دیا۔
اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی سینئر رہنماء سینیٹر شیری رحمن نے دریائے سندھ پر کینالز بنا کر سندھ کا پانی روکنے کا الزام لگایا۔
حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے سینیٹرعرفان صدیقی نے اپنے حصے کے پانی سے نہریں بنانے پر اعتراض کو بلاجواز قرار دیا جب کہ وزیر آبی وسائل مصدق ملک نے اس حوالے سے اعداد وشمار پیش کیے۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے پہلے سے منظور شدہ تحریک التوا پر بحث کیلئے پیش کی اور کہا کہ معاملہ پر سندھ کے تمام علاقوں میں شدید احتجاج ہوا، حکومتی فیصلے پر سندھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں وزیر اعلی سندھ نے واضح اعتراض کیا، چولستان کے ریگستان کو ہریالی میں تبدیل کرنے کیلئے پانی تبدیل کیا جا رہا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ 25 سال سے ارسا پانی کی کمی رپورٹ کر رہی ہے، کوشش ہوتی ہے اس پر منصفانہ تقسیم ہو، بلوچستان اور سندھ دونوں صوبے اس معاملے پر اعتراض کر چکے، سات ملین ایکڑ کس طرح زرخیز بنائیں گے جبکہ پانی نہیں ہے، کوٹری اور گڈو سے پیچھے دریائے سندھ ٹھاٹے مارا کرتا تھا، اب وہ صورتحال کہاں ہے سب کو پتہ ہے پانی کم ہے، کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر،بوند بوند پانی کو شہری ترستے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گیارہ ماہ سے مشترکہ مفادات کی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، تین تین ماہ کے بعد سی سی آئی کی میٹنگ ہونی چاہیے، حکومت کو اس پر واضح کرنا ہوگا کہ وہ چاہتی کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے جواب میں کہا جو پانی کی تقیسم کا فارمولا ہے، اسی کے تحت پانی مل رہا ہے، اگر کوئی اپنے حصے کے پانی پر نہریں بنا رہا ہے تو اس پر اعتراض بلاجواز ہے۔
وزیر برائے ابی وسائل مصدق ملک نے پانی کی تقسیم کے فارمولے، نہروں کے قیام پر ایوان میں تفصیلی جواب پیش کرتے ہوئے کہا اپنے حصے کے پانی میں سے کوئی بھی چاہے نہریں تعمیر کر سکتا ہے پانی کسی کا نہ کم کیا گیا نہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد ایسا ممکن ہے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا سی سی آئی کا اجلاس نہیں ہورہا، اس مسئلے پر پیپلز پارٹی کی حمایت کرتے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے سینیٹر نے جنوچی پنجاب میں پی آئی اے کی فلائٹس کم ہونے اور ائیرپورٹس بند ہونے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ پیرس جانیوالی پی آئی اے کی پہلی فلائٹ میں عملے کے بیس افراد کے مفت سفر کرنے کا انکشاف کیا، جس پر وزیرقانون نے کہا معاملے کی انکوائری کروائیں گے۔
پیپلز پارٹی اراکین نے معاملہ متعلقہ کمیٹی بھینے کا مطالبہ کیا تو ڈپٹی چئیر مین سینیٹ نے انکار کرتے ہوئے کہا ڈھائی گھنٹے بحث کے بعد وزیر نے جواب دیا ہے، اب یہ معاملہ کمیٹی نہیں جائے گا جس پر پیپلز پارٹی اراکین نے احتجاج بھی کیا۔
سینیٹ اجلاس میں پانی کے مسئلے پر ہونے والی بحث میں دیگر اراکین نے بھی حصہ لیا جس کے بعد سینیٹ کا اجلاس جمعہ کے روز تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  بنوں میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا