ویب ڈیسک: غزہ میں جنگ رکتے ہی جنین میں اسرائیل کا آپریشن شروع کر دیا گیا، اس دوران 9فلسطینی شہید جبکہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں آپریشن سے ایک بار پھر فلسطین کے معمولات بگڑنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق غزہ میں جنگ جنگ رکتے ہی جنین میں اسرائیل کا آپریشن شروع ہو گیا ہے، صیہونیوں نے مقبوضہ علاقے کو پھر خون میں نہلانے کا اقدام کرتے ہوئے بارود برسانا شروع کر دیا ہے، اس دوران 9 فلسطینی شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی آبادکاروں کی ج انب سے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی املاک پر حملوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ جنین کو عسکریت پسندوں کی نئی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے۔
دوسری جانب حماس رہنما زہیر جبارین نے کہا ہے کہ غزہ کی طرح مقبوضہ کنارے میں بھی نیتن یاہو کو شکست دیں گے۔ غزہ میں بارود بھاری مقدار میں برسانے کے باوجود صیہونی حماس کو ختم کر سکے نہ ہی غزہ پر اپنا قبضہ جما سکے، اسی طرح یہاں بھی انہیں ناکامی ہوگی۔
ادھر غزہ میں اسرائیل حماس جنگ بندی کے تیسرے روز بھی بے گھر فلسطینیوں نے تباہ حال علاقوں کی طرف واپسی کی اور امدادی سامان اور ایندھن کے ٹرکوں کی آمد بھی جاری رہی، جس سے کسی حد تک عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے، یہ فلسطینی اپنے ٹوٹے پھوٹے گھروں میں لوٹ کر وہاں دوبارہ سے جا بسے ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے مزید 72 لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
