بلوچستان سے لے کر خیبرپختونخوا تک

بلوچستان سے لے کر خیبرپختونخوا تک بیشتر علاقوں میں شدید سردی

ویب ڈیسک: موسم سرما جاتے جاتے رنگ دکھانے لگا ہے، بلوچستان سے لے کر خیبرپختونخوا تک بیشتر علاقوں میں شدید سردی پڑ رہی ہے، ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں سے موسم یکدم شدید سرد ہو گیا ہے، دیگر علاقوں کی طرح کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں، جس سے وہاں بھی موسم سرد ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق شوگران، باغ اور وادی سوات سمیت بالائی علاقوں میں برفباری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی، جس سے سردی بڑھ گئی ہے جبکہ کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑی ہیں جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔
صوبہ بلوچستان سے لے کر خیبرپختونخوا تک بیشتر علاقوں میں شدید سردی پڑ رہی ہے، حالیہ بارش اور برف باری کے بعد مختلف اضلاع میں معاملات زندگی محدود اور عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
باغ شہر میں بارش اور پہاڑوں، گنگا چوٹی لسڈنہ، حاجی پیر تولی پیربھیڈی میں برف باری سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ شوگران میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا، برف کے گالوں نے شوگران کے حسن میں مزید اضافہ کر دیا۔ بلوچستان میں بھی شدید برفباری اور سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
وادی سوات کے میدانی علاقوں میں بارش سے ہوائوں میں مزید نمی کیساتھ ٹھنڈ بڑھ گئی ہے، کالام، مالم جبہ اور مہوڈنڈ میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا تاہم اس دوران شدید برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مغربی بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ کے سابق جج شیخ عظمت سعید کی نماز جنازہ ادا