ویب ڈیسک: 9 مئِی اور 26 نومبر کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے مطالبے کے مطابق جوڈیشل کمیشن بنایا جائےگا یا نہیں، اس سلسلے میں 7روز میں جواب آنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے حکومتی ذرائِع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن کے تحریری مطالبات کا جائزہ لینے کے بعد حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے ان کا باقاعدہ جواب تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن بنایا جائےگا یا نہیں اس کا تعین حکومتی سب کمیٹی کرے گی، جبکہ کمیٹی کا اجلاس کل بھی ہوگا۔ اس حوالے سے حکومتی مذکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن سمیت دیگر مطالبات پر 7 روز میں تفصیلی جواب دیں گے تاہم جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس اسپیکر چیمبر میں منعقد ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، علیم خان، سالک حسین، سینیٹر عرفان صدیقی، رانا ثنا اللہ، ڈاکٹر فاروق ستار، اعجاز الحق، خالد مگسی شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے قائم حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن کے تحریری مطالبات کا جائزہ لیا گیا۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس کل بھی جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
