ویب ڈیسک: ترکیہ کے ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 76افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ آگ ترکیہ کے علاقے کارتالکیا میں واقع 12 منزلہ گرینڈ کارٹل ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں لگی۔
تفصیلات کے مطابق شمال مغربی ترکیہ کے سکی ریزورٹ ہوٹل میں رات کو خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 76افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آگ ترکیہ کے علاقے کارتالکیا میں واقع 12 منزلہ گرینڈ کارٹل ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں رات کے آخری پہر لگی۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آگ ہوٹل کے ریسٹورنٹ سے شروع ہوئی اور دیگر منزلوں تک پھیل گئی۔ آگ سے بچنے کے لیے 2 افراد نے گھبرا کر عمارت سے چھلانگ بھی لگا دی جو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ دیگر کئِی ایک افراد چادروں اور کمبلوں میں لپٹ کر عمارت کے کھڑکیوں سے نیچے اترنے میں متحرک رہے۔
رپورٹ کے مطابق سکول کی چھٹیوں کی وجہ سے ہوٹل 90 فیصد افراد سے بھرا ہوا تھا جس میں تقریبا 238 مہمان موجود تھے۔ اس حوالے سے ترک وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ بجھا دی گئی ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ترکی کے وزیر انصاف یلماز تنک متحرک ہو گئے ہیں اور انہوں نے ریزورٹ میں آگ لگنے کی تحقیقات کے لیے چھ پراسیکیوٹرز کو ذمہ داری تفویض کر دی گئی ہے، تاہم تحقیقات میں تاحال کچھ معلوم نہ ہو سکا ہے۔
