فخرزمان کی قومی ٹیم میں شمولیت

چیمپئنز ٹرافی، فخرزمان کی قومی ٹیم میں شمولیت یقینی، صائم کی شرکت مشکوک

ویب ڈیسک: آئِی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخرزمان کی قومی ٹیم میں شمولیت یقینی ہے جبکہ فٹنس مسائل کا شکار صائم ایوب کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں ہونے والے ایونٹ کیلئے پاکستانی سکواڈ میں شامل ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے، اوپنر صائم ایوب کی فٹنس پر سوالیہ نشان برقرار ہے جس کی وجہ سے ان کی شرکت پر شکوک و شبہات کے بادل مندلانے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر پروٹیز اور کیویز سے سہ فریقی سیریز بھی کھیلنی ہے، جس میں کھلاڑیوں کی جانچ کا سلیکٹرز کے پاس ایک اور موقع موجود ہے، اس میں بہترین پلیئرز کی سلیکشن کا بہترین موقع موجود ہے۔
ادھر قومی اوپنر صائم ایوب کی فٹنس پر سوالیہ نشان برقرارہے جس کی وجہ سے سلیکٹرز نے ان کا متبادل بھی ڈھونڈ نکالا ہے، اور میگا ایونٹ کیلئَے 15 رکنی قومی سکواڈ میں فخرزمان کی قومی ٹیم میں شمولیت یقینی ہو گئی ہے، تاہم اس دوران امام الحق اور حسیب اللہ کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، ذرائع نے واضح کر دیا کہ عبداللہ شفیق اور عثمان خان کے ڈراپ ہونے کا امکان ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان ، بابر اعظم ، کامران غلام ،سلمان علی آغا ، طیب طاہر ، عرفان خان ، محمد حسنین ، نسیم شاہ ، شاہین آفریدی ، حارث رؤف ، ابرار احمد اور سفیان قومی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کی تمام ٹیموں نے سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پاکستان آئی سی سی کو صرف ابتدائی سکواڈ کے نام بھجوا چکا ہے۔ 11 فروری تک حتمی سکواڈ کا لازمی اعلان کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، غیرحاضر اساتذہ اور عملے پر جرمانے عائد،تنخواہوں میں کٹوتیاں بھی شروع