ویب ڈیسک: جنگ بندی کے بعد صیہونی غزہ سے ہزاروں فلسطینیوں کی لاشیں چرا کر لے گئے، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ جنگ کے دوران مقبوضہ پٹی سے ہزاروں فلسطینیوں کی لاشیں بھی چرا کر لے گئی۔
غزہ کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ کے 470 دنوں کے دوران ہونے والے نقصانات دل دہلا دینے والے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 46 ہزار 960 فلسطینی شہداء کی لاشیں ہسپتال لائی گئیں، جن میں 17 ہزار 861 بچے اور 12 ہزار 316 خواتین شامل تھیں۔
اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کے 2 ہزار 92 خاندان مکمل طور پر مٹ گئے جبکہ 4 ہزار 889 خاندانوں کا صرف ایک فرد اس جنگ میں زندہ بچا ہے۔ اس دوران زنددگی کی بازی ہارنے والوں میں ایک سال سے کم عمر کے 808 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 44 بچے خوراک کی قلت اور 8 شدید سردی کی وجہ سے شہید ہوئے۔
سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے 214 بچے اسی جنگ کے دوران پیدا ہوئے تھے۔ اس جنگ میں ایک لاکھ 10 ہزار 725 فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے 15 ہزار زخمیوں کو طویل عرصے تک علاج کی ضرورت ہے۔
