ویب ڈیسک: چائنا کے صدر شی جنپنگ نے کہا ہے کہ چین روس دوستی میں مسلسل نئی توانائی پیدا ہوئی ہے، روس سے تعلقات جامع تزویراتی اور فائدہ مند تعاون پر مبنی ہیں۔
چین روس سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کو شاندار طریقے سے منایا گیا ہے ، اس موقع پر چینی صدرنے کہا ہے کہ چین روس دوستی میں مسلسل نئی توانائی پیدا ہوئی ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مستقل اچھی ہمسائیگی اور دوستی پر بھی مبنی ہیں۔
شی جنپنگ نے پیوٹن کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی، دونوں سربراہان مملکت نے نئے سال کی مبارکباد کا تبادلہ کیا، اس مو قع پر شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ 2024ء میں ہمارے درمیان تین ملاقاتیں ہوئیں اور کئی اہم اتفاق رائے حاصل ہوئے۔
چائنا کے صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں فریقین کو سٹریٹجک تعاون کو گہرا کرنا، ایک دوسرے کی بھرپور حمایت اور دونوں ممالک کے جائز مفادات کا تحفظ جاری رکھنا چاہئے، دوطرفہ تعلقات کو مستحکم اور وسیع کرنا اور عملی تعاون کی گہری ترقی کو فروغ دینا ضروری ہے۔
