ویب ڈیسک: قبائلی ترقیاتی فنڈ کا اختیار وفاق نے صوبے سے چھین لیا، وفاقی سطح پر قائم سٹیئرنگ کمیٹی ترقیاتی فنڈز وفاقی اداروں کے ذریعے خرچ کریگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز کے استعمال کا اختیار صوبائی حکومت سے لے لیا، وفاقی سطح پر قائم سٹیئرنگ کمیٹی ترقیاتی فنڈز وفاقی اداروں کے ذریعے خرچ کریگی، پلاننگ کمیشن وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق قبائلی اضلاع کے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
اس کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کرینگے جبکہ ممبران میں گورنر خیبر پختونخوا ، ضم اضلاع کے چار ممبران قومی اسمبلی، ضم اضلاع کے دو ممبران صوبائی اسمبلی، سیکرٹری پلاننگ ڈویژن، سیکرٹری فنانس ڈویژن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقی و منصوبہ بندی خیبر پختونخوا، چیف اکانومسٹ پلاننگ کمیشن اور ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ ڈویژن شامل ہیں۔
مذکورہ کمیٹی کی تشکیل 17نومبر کے کابینہ اجلاس میں دی گئی تھی، اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیاہے کہ 80فیصد ترقیاتی فنڈز مذکورہ کمیٹی کے ذریعے خرچ کئے جائیں گے، کمیٹی ممبران ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کریں گے اور ان منصوبوں کو وفاقی ادارے ہی مکمل کریں گے جبکہ 20فیصد ترقیاتی فنڈز کو سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز کے تحت خرچ کیاجائے گا ۔
یاد رہے کہ قبائلی ترقیاتی فنڈ کا اختیار وفاق نے صوبے سے چھین لیا، وفاقی سطح پر قائم سٹیئرنگ کمیٹی ترقیاتی فنڈز وفاقی اداروں کے ذریعے خرچ کریگی۔
