اسرائیلی افواج اب مغربی کنارے

غزہ کے بعد اسرائیلی افواج اب مغربی کنارے کی تباہی کے درپے

ویب ڈیسک: غزہ کے بعد اسرائیلی افواج اب مغربی کنارے کی تباہی کے درپے ہیں، جنگ بندی معاہدے کے بعد اب صیہونیوں نے مغربی کنارے کا رخ کر لیا ہے اور جنین سمیت آس پاس کے علاقوں میں بارود بر سا دیا۔
فلسطین کے علاقے غزہ میں جنگ بندی کے بعد مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی عسکریت پسندوں کےخلاف آپریشن شروع کیا ہے، اس دوران جنین شہر آپریشن کا مرکز بنا رہا، اسرائیل نے مغربی کنارے میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غزہ جنگ بندی کے تیسرے دن جنین شہر اور شمال میں اس کے کیمپ میں کارروائی کی گئی جس میں ایک درجن سے زائد افراد شہید اور 100کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری طرف تحریک فتح کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن مزید وسیع ہو جائے گا۔
اسرائیلی فوج نے جنین میں اضافی کمک بھیجی ہے، جنگی طیاروں کی کم اونچائی پر پروازیں جاری ہیں۔ شہر میں گھروں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہیں، اس دوران جینن کیمپ کے وسط میں ایک دھماکے کی آواز سنی گئی۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ فوج نے شہر کی سڑکوں اور سرکاری ہسپتال کے ارد گرد کی سڑکوں کو تباہ کر دیا۔
اسرائیل کا اعلان کردہ ہدف دھماکہ خیز مواد کو ہٹانا تھا، اسرائیلی فوج نے جنین ہسپتال کے اندر موجود فلسطینیوں کو ہسپتال سے نکلنے کا بھی حکم دیا ہے، ان کے ان اقدامات سے پتہ چلتا ہے کہ غزہ کے بعد اسرائیلی افواج اب مغربی کنارے کی تباہی کے درپے ہو گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  پرنس کریم آغا خان کو مصر کے شہر اسوان میں سپرد خاک کردیا گیا