ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے نام بائِیڈن کا لکھا گیا خط منظر عام پر لے آئے، ٹرمپ نے خط میڈیا کے سامنے پیش کردیا، خط میںبائیڈن نے لکھا ہے کہ دعا ہے آئندہ 4برس قوم کیلئے خوشحالی و امن کے لمحات ہوں ۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر جوبائِیڈن نے خط کے باہر 47 نمبر لکھا تھا کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر ہیں۔ خط کا آغاز ڈیئر پریزیڈنٹ ٹرمپ کے الفاظ سے کیا گیا اور اس کےساتھ ہی کہا گیا کہ اس مقدس دفتر سے رخصت لیتے ہوئے میں آپ اور آپ کی فیملی کے لیے اگلے 4 برسوں میں نیک تمنائیں رکھتا ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ امریکی عوام اور دنیا بھر کے لوگ تاریخ کے ناگزیر طوفانوں میں اس دفتر کی طرف دیکھتے ہیں۔ میری دعا آئندہ 4برس قوم کیلئَے خوشحالی و امن کے لمحات ہوں، خدا آپ کی رہنمائی کرے جیسا کہ خدا نے ہمارے ملک کے قیام سے اب تک ہماری قوم کو برکتیں دیں اور رہنمائی کی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق خط پر 20 جنوری 2025 کی تاریخ درج ہے یعنی جس روز بائیڈن نے عہدہ چھوڑا تھا اور صدر ٹرمپ نے عہدے کا حلف لیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ اچھا اور متاثر کن قسم کا خط ہے، لطف اٹھائیں اور اچھا کام کریں۔
یاد رہے امریکا میں 1989 سے سبکدوش صدر کی جانب سے آنے والے صدر کے لیے خط چھوڑ کر جانے کی روایت ہے۔ بائیڈن نے لکھا ہے کہ دعا ہے آئندہ 4برس قوم کیلئے خوشحالی و امن کے لمحات ہوں ۔
