عمران بشریٰ بریت درخواستوں پر ایف

توشہ خانہ2، عمران بشریٰ بریت درخواستوں پر ایف آئی اے سے جواب طلب

ویب ڈیسک: توشہ خانہ 2 کیس میں عمران بشریٰ بریت درخواستوں پر ایف آئی اے سے جواب طلب، بینچ تبدیل کرنے کی استدعا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام منہاس نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس ٹو میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اس دوران عمران بشریٰ بریت درخواستوں پر ایف آئی اے سے جواب طلب کرلیا گیا۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے توشہ خانہ 2 کے ٹرائل پر حکمِ امتناع کی استدعا کی۔ جسٹس راجہ انعام نے کہا کہ کرمنل کارروائی کو اس موقع پر روکنے کی کوئی عدالتی نظیر نہیں، ہم آپ کی درخواست پرنوٹس کر کے دوسرے فریق کو بھی سن لیتے ہیں۔
دوران سماعت سلمان صفدر نے بینچ تبدیل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس گل حسن اورنگزیب اس کیس سے متعلق 5 درخواستیں سن چکے ہیں، مناسب ہو گا کہ یہ عدالت بریت کی درخواستیں بھی اسی عدالت میں بھیج دے۔ اس موقع پر بینچ تبدیل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جسٹس راجہ انعام نے کہا کہ وہ ضمانت کی درخواستیں تھیں، یہ الگ معاملہ ہے، یہ کیس عدالت سنے گی، آپ میرٹس پر دلائل دیں۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ دو درخواستوں کےآرڈر بھی ہیں، ٹرائل کورٹ کو سماعت روکنے کا حکم دیا جائے، اس پر جج نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں فرد جرم عائد ہو چکی، گواہان سے بیانات لئے جا رہے ہیں، ابھی ایسا کرنا درست نہیں ہوگا، اس میں نوٹس کرتے ہیں، لمبی تاریخ نہیں دیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشنز کیس کی سماعتوں کے شارٹ آرڈرز شیئر