عوام کی صحت کا تحفظ حکومت

عوام کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، سمجھوتہ نہیں ہوگا، علی امین

ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اس دوران اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اجلاس میں حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے وزیر اعلی کو صوبے میں غیر معیاری اور مضر صحت چپس، پاپڑ، نمکوز اور مصالحہ جات سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، اس دوران بازاروں میں غیر رجسٹرڈ اور بغیر پیکنگ کے کھلے عام بکنے والے ان مصنوعات کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں یہ مصنوعات بنانے والے کارخانوں کو رجسٹرڈ کیا جائیگا، یہ مصنوعات بنانے والے تمام چھوٹے بڑے کارخانوں کو حلال فوڈ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹریشن کے لئے ایک مہینے کی ڈیڈلائن مقرر کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی پاپس وچپس ٹیسٹنگ مہم مکمل کر لی ہے، خیبرپختونخوافوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ نے صوبے کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی پندرہ روزپاپس ،چپس اور مصالحہ جات ٹیسٹنگ مہم چلائی۔
اس دوران کل نمونوں میں 175 پاپس، 24 نمکو، 160 سیزننگ پاؤڈر اور 103 کری پاؤڈر کے نمونے چیک کیے گئے، پاپس کے 175 نمونوں میں سے 93 تسلی بخش جبکہ 82غیر معیاری قرار پائے گئے، نمکو کے 24 نمونوں میں سے 16 پاس جبکہ 8 نمونے فیل رپورٹ ہوئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کسی کے کاروبار کو بند یا خراب نہیں کیا جائے گا لیکن صحت عامہ کی قیمت پر نہیں، اشیاء خوردونوش بنانے اور بھیچنے والوں کو فوڈ سیفٹی اسٹینڈز کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ حلال فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے اس سلسلے میں اپنی مانیٹرنگ اور چیکنگ کے نظام کو بہتر بنائیں، غیر معیاری اور مضر صحت مصنوعات کے استعمال کی صحت عامہ کو سنگین خطرات لاحق ہیں، اس کے موثر تدارک کے لئے بروقت اور موثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری مصنوعات کے استعمال سے بچنے کے لئے عوام الناس کو بڑھانے پیمانے پر اگہی دینے کی ضرورت ہے، غیر معیاری اور مضر صحت مصنوعات بنانے والے صنعتوں کو فوڈ سکیورٹی اسٹینڈز کا پابند بنانے کے لئے ایک جامع پلان ترتیب دیا جائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تعمیل نہ کرنے والی صنعتوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ان پابندی عائد کی جائے۔

مزید پڑھیں:  کرک میں بگڑتی امن وامان صورتحال پر امن جرگے کا انعقاد، مسلح گروپوں کو ڈیڈلائن