20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری

ورلڈ بینک پاکستان میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کا افتتاح کردیا جس کے تحت ورلڈ بینک پاکستان میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، تقریب سے وزیراعظم میاں شہباز شریف سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ آج جس پروگرام کا افتتاح کیا ہے، یہ ہماری ڈریم ٹیم نے ورلڈ بینک کے ساتھ مل کر شراکت داری فریم ورک بنایا ہے آج تاریخی اور خوشی کا دن ہے، عالمی بینک نے ہر شعبے میں پاکستان سے تعاون کیا ہے، ہم صدر ورلڈ بینک کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کا پاکستان کے سسٹم پر اعتماد ہے اور عالمی بینک نے ہائیڈل، توانائی اور اداروں میں اصلاحات سمیت کئی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے، اس پروگرام کے تحت 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جو تعلیم اور صحت کے شعبوں کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں جو آفت 2022 میں پاکستان میں آئی تھی وہ بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ شراکت داری کا فریم ورک 10 سال پر محیط ہوگا، 10سالہ شراکت داری فریم ورک میں 6 اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، آج ہونے والی اصلاحات کئی دہائیوں پہلے ہوجانی چاہیے تھیں، شراکت داری فریم ورک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی ترقی ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کو تعلیمی اہداف کو پورا کرنے کے لیے بھی مختص کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں جب کہ 20 ارب ڈالر کے ساتھ پرائیوٹ انویسٹمنٹ کی بھی حوصلہ افزائی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جس محنت کے ساتھ یہ پروگرام تشکیل پایا ہے، اسی محنت اور جذبے کے ساتھ اس پر عمل پیرا ہوں گے تو پاکستان یقینا بلندیوں کو چھوئے گا اور پاکستان عظیم بنے گا۔

مزید پڑھیں:  پشاور ہائیکورٹ:سکیورٹی اداروں کو ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کرنے سے روک دیا گیا