ہیٹی کی صورتحال بدستور انتہائی خراب

ہیٹی کی صورتحال بدستور انتہائی خراب ہے، پاکستان

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ ہیٹی کی صورتحال بدستور انتہائی خراب ہے، اور اس سے ملک میں مزید مسائل جنم لے رہے ہیں۔ ہیٹی میں خطرناک صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک مضبوط لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی مندوب منیر اکرم نے ہیٹی کی بگڑتی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کو بتایا کہ ہیٹی کی صورتحال بدستور انتہائی خراب ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ہیٹی ایک طویل سیاسی عدم استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، یہاں کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی اور بڑھتے انسانی بحران کی وجہ سے مزید تباہی پھیلنے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیٹی کی سیاسی قیادت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے مستقبل کے لئے ایک واضح لائحہ عمل طے کرے اور اس کے لوگوں میں امید پیدا کرے، پائیدار سلامتی کے قیام اور انسانی چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات میں ہیٹی کی قیادت اور شمولیت ضروری ہے۔
منیر اکرم نے آئی ڈی پیز کی بڑھتی تعداد اور علاقائی ممالک سے ہیٹی کے شہریوں کی ملک بدری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہیٹی میں سیاسی اور سکیورٹی چیلنجز کے پیچیدہ امتزاج نے انسانی مخدوش صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیٹی میں خوراک کا بڑھتا عدم تحفظ اور بچوں کے لئے صحت اور تعلیم کی سہولیات کی کمی ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹانک میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق، ایک زخمی