ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے علاقے میں تمام رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور زمینی رابطہ منقطع ہو کر رہ گیا ہے۔
بارش اور برفباری کے بعد شمالی بالائی بلوچستان کی رابطہ سڑکیں بھی آمدورفت کیلئے بند ہو گئی ہیں، جس سے عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری سے متعدد بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئیں۔
صوبہ میں ہونے والی اس شدید برفباری کے باعث گریس ویلی کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اس دوران پاک فوج اور سول انتظامیہ کی مشینری اور عملہ متحرک ہو گیا ہے ، اور برف باری کی وجہ سے بند سڑک کھولنے میں مصروف رہا۔
دوسری جانب سب سے زیادہ سردی لہہ اور گوپس میں ہے جہاں پارہ منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسی کے ساتھ لہہ اور گوپس ملک کے سرد ترین علاقے قرار دیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ استور، کالام، سکردو، مالم جبہ، کوئٹہ اور قلات میں بھی شدید سردی کا راج برقرار ہے۔ دوسری جانب وادی کاغان میں برفباری نے وادی کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیے، سیاحوں کے لیے شوگران روڈ کو بحال کر دیا گیا۔
وادی کاغان اور شوگران میں جاری برفباری کا سلسلہ تھم گیا، سیاحتی مقام شوگران میں طویل عرصہ تک خشک سالی کے بعد برفباری نے وادی کے حسن کو مزید نکھار دیا ہے ہر طرف برف کے دلفریب نظاروں سے سیاح لطف اٹھاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
